مہنگائی سے ریلیف کا امکان نہیں، شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں: مریم نواز

Published On 12 February,2023 04:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم یہ نہیں کہتے مہنگائی نہیں ہے، قریب قریب کوئی ریلیف کا امکان بھی نہیں ہے، شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ذمہ داری دی، میری سرجری تھی اور یہ ذمہ داری سونپ دی گئی، سب کی مشاورت کے ساتھ نواز شریف نے میرے کنونشن کا پورا پلان خود ترتیب دیا، میری واپسی کی تاریخ کا فیصلہ بھی نواز شریف نے کیا۔

(ن) لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے کہا جلسے ہم الیکشن کے قریب کریں گے، کمی محسوس ہو رہی تھی، عوامی رابطہ مہم ہم نے چھوڑ دی تھی، میری سرجری ہوئی تو لندن میں 4 ماہ لگ گئے، اپوزیشن کے دور میں آپ کے پاس وقت ہوتا ہے اس وقت ہمارا بیانیہ بھی مضبوط تھا، 4، 5 سال ہمارے بہت متحرک گزرے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی ضلع اسلام آباد میں (ن) لیگ کی ممبر سازی کرنے کی ہدایت

مریم نواز نے کہا کہ مجھے عوام کے رسپانس کا اندازہ بھی نہیں تھا، میں ائیر پورٹ پہنچی تو عوام کا رد عمل ملنا شروع ہو گیا، بے تحاشہ لوگ میرے استقبال کیلئے آئے مجھے توقع نہیں تھی، میں نے نواز شریف سے کہا مجھے توقعات سے زیادہ رسپانس ملا ہے، لوگوں کا جذبہ اصل پیمانہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور، ملتان، ایبٹ آباد میں لوگوں کو بہت جذبہ تھا، ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے میرا بڑا اچھا استقبال کیا، میاں صاحب کو فون کیا اور انہیں کل کے کنونشن کا احوال بتایا، میاں صاحب کے نہ ہونے سے پارٹی امور پر اثر تو آتا ہے۔