عمران نے عوام کو بیوقوف بنایا، آنے والی نسلوں کیلئے (ن) لیگ کو ووٹ دیں: مریم نواز

Published On 09 February,2023 05:44 pm

ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ بنانے کیلئے ٹوتھرڈ میجورٹی دو مل کر بنائیں گے، یہ ملک ہمارا ہے، ہماری نسلوں نے ادھر رہنا ہے، آنے والی نسلوں کیلئے (ن) لیگ کو ووٹ دیں، ملک کو مسائل سے صرف نواز شریف ہی نکال سکتے ہیں۔

ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شاندار استقبال پر شکر گزار ہوں، خیبرپختونخوا کی عوام نے ہمیشہ شاندار استقبال کیا، نواز شریف کی طرف سے سب کو سلام، امیر مقام نے چند دنوں پہلے نواز شریف سے ملاقات کی تھی، نواز شریف کا حکم تھا پہلے ورکرز سے ملاقات کریں انہوں نے نواز شریف کے ساتھ کچھ گلے، شکوے بھی کیے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ دل کرتا ہے خیبرپختونخوا کے ہر محلے، گلی میں جاؤں، خیبرپختونخوا کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، نوازشریف نے مجھے چیف آرگنائزر کی ذمہ داری دی ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں جاؤں گی، آج خواتین ونگ اور کل ضلعی صدور سے ملاقاتیں ہوں گی، تنظیمی لحاظ سے مسلم لیگ (ن) کو منظم کریں گے، مجھے احساس ہے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔

مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دامن صاف نہیں اب سہولت کار نہیں ہیں جو بچائیں گے، جیبیں تم نے بھریں کارکن کیوں گرفتار ہوں؟، خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھے ہو، جس نے چوری کی اب جواب بھی دے، نواز شریف نے ہر چیز کا جواب دیا تم بھی وہیل چیئر پر جا کر جواب دو، ان کے جرائم سے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں اسی لیے چیخ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا عمران خان تو آج ماضی کا حصہ بن گیا اور ملک کو بحرانوں میں پھنسا گیا، کوئی بد دعا نہیں کروں گی، اللہ صحت دے، عدالت بلائے تو ٹانگ پر پلاسٹر چڑھا ہوتا ہے، جلسہ کرنے راولپنڈی چلا جاتا ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ پھاڑ کر خود بنکرمیں جا کر بیٹھ گیا ہے، کہتا ہے ایجنسیز مجھے مارنا چاہتی ہیں، پہلے امریکا پر الزام لگایا اور آج محسن نقوی پر الزام لگا رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا عمران خان امریکا سے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتا رہا، کبھی زرداری، کبھی ایجنسیز پر الزام لگاتا ہے، آپ اپنے آپ کو اتنا اہم کیوں سمجھتے ہو جو سارے آپ کو مارنے کی سازش کر رہے ہیں، سب بول رہے ہیں جو رہ گئے وہ بھی نواز شریف کے حق میں بولیں گے، زیادتی نواز شریف نہیں اس ملک کے ساتھ ہوئی، انہوں نے تو سارے زخموں کو برداشت کر لیا۔

نواز شریف کے صاحبزادی نے کہا قوم تاحال عمران خان کی زیادتیوں کو بھگت رہی ہے، اس قوم کا کیا قصور جس پر ذہنی مریض کو مسلط کر دیا گیا، آج اسے مہنگائی یاد آ گئی تمہارا اپنا کیا ہوا ہے، مہنگائی تمہاری دین ہے، کس بات کا رونا رو رہے ہو، ایک مثال ہے بندر نے پورے جنگل کو آگ لگا دی، شیر کو پوچھا جا رہا آگ کیوں نہیں بجھ رہی تو آگ لگانے والے سے بھی پوچھا جائے۔

مریم نواز نے کہا عمران خان 12 بجے دفتر آتا تھا اسے عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں تھا، نواز شریف کے مخالفین بول رہے ہیں ان کے ساتھ زیادتی ہوئی، شاہ محمود قریشی فرما رہے تھے کہ نواز شریف سے زیادتی ہوئی، اعتراف جرم کرنے کا شکریہ، یہ بھی بتا دیں نواز شریف کو کس نے نکالا، ان کو نکالنے والے گروہ کا سرغنہ عمران خان ہے، شاہ محمود قوم کو اس سازش کا بھی بتائیں۔

انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کو فنڈز کی کمی نہیں لیڈر شپ کی کمی ہے، اس شخص کا نام نہیں لینا چاہتی لیکن لوگوں کو اس کی تباہی بارے بتانا چاہتی ہوں، دس سال خیبرپختونخوا میں نیب کو تالا لگا رہا، جیلیں بھرنے کا دعویٰ کرنے والے دس سال جیبیں بھرتے رہے، صوبے کا پیسہ عمران خان پر خرچ ہوتا رہا، موازنہ کرنا ہے تو شہباز شریف اور عمران کے خیبرپختونخوا کے دس سال کا کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کیا، انہوں نے صوبے کی پولیس کو وسائل نہیں دیئے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ملنے والا بجٹ کدھر گیا؟، قوم جواب مانگ رہی ہے، انہوں نے نواز شریف کی نقل کرتے ہوئے بی آر ٹی منصوبہ بنایا جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے، ترقی خیبرپختونخوا کا بھی حق ہے۔

انہوں نے کہا ایٹمی دھماکہ، موٹرویز، ہسپتال، ایکسپریس ویز کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے، عمران خان نے کونسا کالج، یونیورسٹی بنائی ہے؟، آنکھیں ترس گئی ہیں ان کا کوئی ایک منصوبہ نظر نہیں آیا، ایک کروڑ تو دور ایک ہزار لوگوں کو دکھا دو جنہیں نوکریاں دی ہوں، بلین ٹری سونامی لگانے کے بجائے الٹا جنگل کاٹ کر کھا گئے، 300 ڈیم بنانے والا پورے پاکستان کو ڈیم فول بنا کر چلتا بنا۔