مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالنے کا مقصد ملک کو بچانا ہے، مریم نواز

Published On 03 February,2023 05:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمارے قائد نواز شریف کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے، مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالنے کا مقصد ملک کو بچانا ہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے لاہور کے سابق ممبران پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی اور انہیں صوبائی دارالحکومت میں فعال کردار ادا کرنے کا ٹاسک دیا۔

  یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے خاندانوں کو لڑوایا، بات کرنے کا سلیقہ اور تہذیب چھین لی: مریم نواز

اس موقع پر شرکاء سے گفتگو میں لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے سوا کچھ نہیں ملا اور عمران خان آج بھی اپنی نااہلی بچانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں وہ ایسے عناصر کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیں گے، پارٹی نے ذمہ داری دی ہے، ان شاء اللہ آپ سب کے ساتھ مل کر پارٹی کو اور زیادہ مستحکم اور فعال کروں گی۔

ملاقات کرنے والوں میں صدر ملک سیف کھوکھر، خواجہ عمران نذیر، میاں مرغوب، حافظ میاں نعمان، رمضان صدیق بھٹی، کرنل ریٹائرڈ طارق، حبیب اعوان، اختر حسین بادشاہ شامل تھے جبکہ لیگی ایم این اے عابد رضا بھی وہاں موجود تھے۔