شہبازگل نےٹرائل کورٹ سے درخواست بریت مسترد ہونیکا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

Published On 14 February,2023 10:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ٹرائل کورٹ سے درخواست بریت مسترد ہونے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

شہباز گل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ٹرائل کورٹ میں کارروائی روکنے کی استدعا بھی کردی۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ایسا کوئی مواد نہیں دیا گیا جس پر فرد جرم لگ سکے، ٹرائل کورٹ کا آرڈر آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔

شہباز گل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ درخواست منظورکرتے ہوئے کیس سے بری کیا جائے اور درخواست بریت پر حتمی فیصلے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی روکی جائے۔

خیال رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی بریت کی درخواست مسترد کردی تھی۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے شہباز گل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا، عدالت نے کہا کہ شہباز گل پر فرد جرم 27 فروری کو عائد کی جائے گی۔

یاد رہے کہ شہباز گل پر اداروں کے سربراہان کے خلاف اکسانے کے متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
 

Advertisement