پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا (کے پی) اسمبلی کے بروقت انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں کے پی اسمبلی کے بروقت انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، اسد قیصر، شبلی فراز اور شاہ فرمان عدالت میں پیش ہوئے۔
صوبائی ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیف سیکرٹری نے آج جواب جمع کیا ہے، عدالت نے کہا گورنر نے جواب جمع نہیں کیا، گورنر ہمیں بتا دیں کہ کیوں ابھی تک تاریخ نہیں دی، ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق گورنر کے پاس تاریخ دینے کا ابھی وقت ہے۔
عدالت نےکہا کہ اس پر بعد میں بات ہو گی، پہلے تحریری جواب دیں کہ خط کے جواب میں گورنر نے تاریخ نہیں دی، الیکشن کمیشن کو اگر تاریخ نہیں ملی تو کیا لائحہ عمل ہو گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی تحریری جواب جمع کرانےکی ہدایت کردی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت میں پیش کیا، وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ،گورنر اور صدر کے خطوط ریکارڈ پر موجود ہیں، گورنر بہانے بنا کر تاریخ نہیں دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔