لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ 25 مئی میں ملوث افسران کو دوبارہ عہدوں پر لگا دیا گیا ہے، ہو سکتا ہے جیل بھرو تحریک کل سے ہی شروع ہو جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں بہت بڑا آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے، آئینی بحران کا آج چوتھا روز ہے، دوسری طرف مریم نواز، چیف الیکشن کمشنر راجہ سلطان سکندر عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، یوں لگ رہا ہے مریم نواز اس کمپین کو لیڈ کر رہی ہے، اس مہم میں اعلیٰ عدلیہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ پچھلی رجیم کی طرف سے 1100 ارب کا این آر او دیا گیا، اعلیٰ عدلیہ کو ڈیفنسیو کرنے کیلئے مہم چلائی جا رہی ہے، لاہور ہائی کورٹ کے حکم پرعملدر آمد نہیں کیا جا رہا، باقاعدہ مہم کے تحت عدالتی فیصلوں کی وقعت ختم کی جا رہی ہے، محمد خان بھٹی کو لاپتا ہوئے 7 واں دن ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عدلیہ کا کام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، عدلیہ کو لاپتا افراد کے معاملے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے، امید کرتا ہوں سپریم کورٹ، ہائی کورٹ معاملات کا نوٹس لے گی، پنجاب، خیبرپختونخوا کے گورنر کو ہٹانے کیلئے آئینی پراسس کا آغاز کیا جائے، صدر مملکت کارروائی کا آغاز کریں۔