اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان کہہ رہے ہیں باجوہ صاحب نے حکومت سے ہٹایا، وہ تو ان کے ممبر پورے کرتے تھے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمیں عوام کی تکالیف کا احساس ہے، قوم جانتی ہے موجودہ حالات کا کون ذمہ دار ہے، ہم نے ماضی میں بھی مشکل فیصلے کیے، مشکلات میں قومیں بنتی ہیں، سائفر اور امریکا کا نام لے کر ملک کو بدنام کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ جو شخص جیل بھرو تحریک کی باتیں کر رہا تھا وہ عدالت جانے سے گھبرا رہا ہے، جھوٹا ناٹک رچا رہا تھا، اس کی کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی، پلستر باندھا ہوا ہے، یہ کہتا ہے میں نے ورک فرام ہوم ہی کرنا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان عام پاکستانیوں کیلئے بھی یہ قانون بناتے کہ وہ زوم کے ذریعے عدالت پیش ہوتے، عمران خان نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں کیا کرشمے دکھائے، آپ کے ایک بہت چہیتے وکیل کبھی ہمارے ساتھ بھی تھے۔