میانوالی : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع میانوالی کے علاقے کالا باغ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کی ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی فائرنگ میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) کا اہم کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالاباغ میں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی میانوالی کی ٹیم پرحملہ کیا، جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور بیس منٹ تک دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جس کی شناخت حبیب الرحمان کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ہے جبکہ اُس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، خودکش جیکٹ اورٹی ٹی پی کے سٹیکرز برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گردی کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی سرگودھا میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دو دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔