خانیوال : سی آئی اے کی کارروائی ، الکوحل کی سمگلنگ ناکام، 3 ملزمان گرفتار

Published On 15 February,2023 04:26 am

خانیوال : ( دنیا نیوز ) صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( سی آئی اے ) پولیس نے ایک کارروائی کے دوران الکوحل کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔

سی آئی اے پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ایک کروڑ روپے مالیت کی 9750 لیٹر الکوحل برآمد ہوئی جبکہ الکوحل کی سمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان کی شناخت محمد عارف ، غلام عباس اور محمد یامین کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ الکوحل کے 325 کین اور دو مزدے قبضے میں لے لئے ہیں۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ کہنہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔