لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی طرف سے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہونے پر نیا ضلع نہیں بن سکتا، حلقہ بندیوں کے دوران تونسہ شریف اور جام پور کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے احکامات کے بعد بورڈ آف ریونیو نے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی وزیر اعلیٰ سے منظوری طلب کی تھی، نگران کابینہ سے منظوری کے بعد سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے حلقہ بندیاں مکمل ہونے تک تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
واضح رہے چودھری پرویز الہٰی نے گزشتہ سال دسمبر میں تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تونسہ شریف کو ضلع بنانے کے بعد وہوا، تونسہ اور کوہ سلیمان کی تحصیلوں کو اس میں شامل کیا گیا تھا، اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تونسہ میں تعمیر و ترقی کا نیا باب شروع ہو گا، عوام کے مسائل اب ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔