لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کر دیئے، ابتدا راولپنڈی سے ہو گی۔
سیکرٹری فوڈ کی ہدایت پر فلور ملز ایسوسی ایشن کی قیادت کے خلاف کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے مراسلے جاری کر دیئے، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی نے بھی ڈپٹی کمشنر کو 7 فلور ملز ایسوسی ایشن عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست بھیج دی۔
درخواست میں خواجہ عمران، طارق سیٹھی، صمد قریشی، قیوم سیٹھی، ریاض اللہ خان کے خلاف ایکشن لینے کی درخواست کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی نے کہا کہ فلور ملز مالکان نے ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس میں ہڑتال کا اعلان کیا اور دوسروں کو اکسایا۔
ڈی ایف سی نے مراسلے میں مزید کہا کہ ہڑتال کے اعلان سے مارکیٹ میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فلورملز ایسوسی ایشن عہدیداروں کے خلاف مینٹینس آف پبلک آرڈیننس 1960 کی شق 3 کے تحت کارروائی کی جائے۔
لاہور سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز مالکان کی گرفتاری کیلئے بھی محکمہ خوراک نے فہرست تیار کر لی، فلور ملنگ انڈسٹری اور سیکرٹری فوڈ کے درمیان محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فلور ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی حمایت کا اعلان کر چکی ہیں، گرفتاریوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا امکان ہے۔