لاہور : (دنیا نیوز) صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب بھر میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، ایپکس کمیٹی اجلاس میں کور کمانڈر لاہور، اعلیٰ عسکری وسول حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں شرکاء نے نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت اور سیف سٹی پراجیکٹ سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا، پی ایس ایل ٹورنامنٹ، مردم شماری اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی کے موثر انتظامات کے معاملات بھی زیر غور آئے۔
اجلاس کے شرکاء نے دہشت گردی کو شکست دینے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہم آہنگی سے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔