آرٹیکل 187 سپریم کورٹ کو پارلیمان سے بھی زیادہ با اختیار بناتا ہے، فواد چودھری

Published On 17 February,2023 09:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 187 سپریم کورٹ کو ایسے اختیارات دیتا ہے کہ پارلیمنٹ بھی اتنا اختیار نہیں رکھتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے آرٹیکل 190 کے تحت سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ جائے ورنہ یہ سپریم کورٹ کو چیلنج کرنے والی بات ہے۔

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں پیش ہو کر کہا تھا کہ حکومت پیسے اور آرمی سکیورٹی دینے کو تیار نہیں، شفاف انتخابات کیسے کروائیں؟، آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہیں دے سکتا۔

اس پر سپریم کورٹ نے انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر الیکشن کمیشن سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔

عدالت پیش ہونے کے بعد الیکشن کمشنر نے قانونی ٹیم سے رائے طلب کی کہ کیا الیکشن کمشنر کو عدالت کے سامنے پیش ہونا بھی چاہیے یا نہیں؟، جس پر قانونی ٹیم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عدلیہ کے سامنے پیش ہونے کے پابند نہیں۔