لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بین الصوبائی ہم آہنگی، سندھ اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے عوام کو فائدہ ہو گا، معاشی چیلنجز کے باعث ملک میں اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کام کرنے کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی رمضان پیکیج میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ رینجرز اور سندھ پولیس نے گزشتہ شب ملک دشمنوں کی سازش کو ناکام بنایا، ہم انتہائی نازک دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں ذاتی مفاد کو پس پشت ڈالنا ہوگا، یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔