لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوگی، معاشی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ یہاں دو پاکستان بن چکے ہیں، امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین ہیں، روٹی چور کو سزا ملتی ہے، ہیرے جواہرات چوری کرنے والے کو پوچھا نہیں جاتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اربوں روپے کی پرتعیش گاڑیاں خریدیں، پی ٹی آئی حکومت نے عارف نقوی کی کمپنی کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نوازشریف کو نااہل کیا گیا۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں، عمران خان لوگوں کے بچوں کو جیلوں میں جھونکنا چاہتے ہیں، عمران خان نوجوانوں سے کہتے ہیں میرے گھر کے باہر آؤ مجھے گرفتار نہ کر لیں، عمران خان نہیں چاہتے کہ وہ گرفتار ہوں۔