کالعدم تنظیمیں خواتین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہ کریں: وزیر داخلہ بلوچستان

Published On 19 February,2023 10:03 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو امن و امان فراہم کرنا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

اپنے ایک بیان میں میر ضیاء لانگو نے کہا کہ کچھ دنوں سے بہت زیادہ تھریٹس تھیں، جن میں خودکش بمبار آنے کی اطلاعات بھی تھیں، خودکش بمبار میں خواتین خودکش حملہ آور کی بھی اطلاع تھی، جو کسی بھی جگہ حملہ کر سکتی تھی، اداروں کا کہنا تھا کہ وہ تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں شاری بلوچ نے خودکش حملہ کیا جس کے پیچھے بہت سے لوگ کھڑے ہو گئے، کسی کی ماں بہن کو گرفتارکرنا ہمیں اچھا نہیں لگتا مگر جو قانون توڑے گا تو اس کے خلاف ایکشن ہو گا، کالعدم تنظیمیں بھی خواتین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہ کریں، مبینہ خودکش بمبار گرفتار ہونے والی خاتون کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں وہ اپنی صفائی پیش کرے۔

میر ضیاء لانگو نے مزید کہا کہ جو خودکش حملہ کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، ملزمہ کو تمام قانونی سہولت فراہم کریں گے، سب کو انصاف کے دائرے میں لایا جائے گا۔