وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سعودی سفارتخانے آمد، نواف بن سعید المالکی سے ملاقات

Published On 20 February,2023 10:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سعودی عرب کے سفارتخانے میں آمد، سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔

دونوں نمائندوں نے ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ملاقات میں معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس منصوبے کا جلد بڑے شہروں سے آغاز کیا جائے گا، سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر علوی "آ بیل مجھے مار" والے کام نہ کریں، آئینی حد میں رہیں: رانا ثناء اللہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ او ربرادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔