اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہیٰ کی مبینہ آڈیو پر چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کروں گا کہ وہ آڈیو کا نوٹس لیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالت میں کبھی درخواست اور کبھی مہلت مانگی جا رہی ہے، عدالت میں پیش ہونے کا وعدہ کر کے پیش نہیں ہوتے، عدالت کا احترام لازم، سب سے بڑھ کر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مخالفین کی بیماری کا تمسخر اڑانے والا آج خود بیمار بن گیا: مریم اورنگزیب
انہوں نے کہا کہ عمرانی ٹولے نے قانون و انصاف کا مذاق بنا رکھا ہے، ایک آڈیو چل رہی ہے، آڈیو میں بھی عمرانی ٹولہ ملوث ہے، اس سے پہلے بھی آڈیوز سامنے آئیں، ارشد ملک جج نے حقیقت بیان کی تھی، ارشد ملک کی آڈیو پر کوئی ایکشن نہیں ہوا تھا، ایکشن نہ ہونے کی وجہ سے آج پرویز الہیٰ دیدہ دلیری سے عدالت کو منیج کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کروں گا آڈیو کا نوٹس لیں، میں نے ایف آئی اے کو ٹاسک سونپا ہے آڈیو کا جائزہ لے، چودھری پرویزالہیٰ کے خلاف بادی النظر میں مقدمہ بنتا ہے، آڈیو کا فرانزک کرایا جائے گا، جوجا صاحب کا بھی تحقیقات میں معلوم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آڈیو میں دوسری آواز کو میں نے نہیں چلوایا، فارنزک کے بعد معاملہ اس قابل ہوا تو چیف جسٹس صاحب کے نوٹس میں لایا جائے گا، پرویز الہیٰ مبینہ طور پر ادارے کو ملائن کر رہے ہیں، بابا رحمتے والے سارے قصے، کہانیاں پھر صحیح ثابت ہوتے ہیں، فارنزک میں پرویز الہیٰ کی آواز کی تصدیق ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا زیر تعمیر دیا مر بھاشا ڈیم کا دورہ
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شوکت ترین کی گفتگو کے نتیجےمیں پاکستان ڈیفالٹ کر سکتا تھا، شوکت ترین کی حرکت ثابت ہو جائے تو پھر ان کے ساتھ کوئی ہمدردی کا اظہارنہیں ہونا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مبینہ آڈیو لیک میں کیس ایک خاص جج کے پاس لگوانے کی ہدایت کی جا رہی ہے، آڈیو لیک میں مبینہ طور پر پرویز الہیٰ کہہ رہے ہیں کہ فلاں کیس فلاں جج کے پاس لگوانا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں، آڈیو کی فرانزک تصدیق کے بعد معاملہ جوڈیشل کمیشن کے سامنے آنا چاہیے۔
چیف جسٹس آف پاکستان سے گزارش ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں.میں نے ایف آئی اے کو یہ ٹاسک سونپا ہے کہ وہ وزارت قانون سے رائے لیں کہ بادی النظر میں پرویز الہی کے خلاف مقدمہ درج کرنا بنتا ہے مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرکے اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں.وزیرداخلہ راناثناءاللہ pic.twitter.com/cKpfqS7y6a
— PML(N) (@pmln_org) February 16, 2023
انہوں نے کہا کہ محمد خان بھٹی نے پنجاب کو بے دردی سے لوٹا ہے، فرح گوگی اور محمد خان بھٹی دونوں نے بہت لوٹا، مجھے خطرہ ہے محمد خان بھٹی لوٹ مار میں فرح گوگی سے نمبر لے جائے گا، انہوں نے تو گھروں میں نوٹ گنتی کرنے والی مشینیں رکھی ہوئی تھیں، یہ ہےعمرانی ٹولہ جو کرپشن میں ملوث رہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ نوٹوں کا جہاز بھر کر لے کر گئے، ڈالروں کی کمی کیوں نہ ہو، اگر آڈیو والی بات درست ثابت ہوتی ہے تو بہت ہی باعث تشویش ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کےمطابق ایس او پیز پر عملدر آمد جاری ہے، دہشت گردی کے خلاف تمام حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، رینجرز، سی ٹی ڈی، پولیس کی استعداد کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، ہم نے ہر قیمت پر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں https://t.co/FqPFsDo1AT
— PML(N) (@pmln_org) February 16, 2023