پولیس گجرات میں چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ کے اندر داخل ہو گئی

Published On 06 February,2023 10:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پولیس گجرات میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کے اندر داخل ہو گئی، پولیس نے اندر سے دروازوں کو بند کر لیا۔

پولیس اور ایلیٹ فورس کی درجنوں سے زائد گاڑیوں نے رہائش گاہ کو حصار میں لے رکھا ہے، پولیس سیڑھیاں لگا کر چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گا ہ کے اندر داخل ہوئی ہے۔

 دوسری جانب مونس الٰہی نے رہائشگاہ کے باہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، ایف آئی اے اور دیگر ایک بار پھر کنجاہ ہاؤس میں بغیر وارنٹ کے چھاپے ماررہے ہیں، ہمارے گھر پر چھاپہ مار کر آپ کو لگتا ہے کہ آپ ہمیں عمران خان کو چھوڑنے پر مجبور کر سکتے ہیں؟ دوبارہ سوچ لو!!۔

واضح رہے کہ 5 روز قبل بھی پولیس نے پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کا محاصرہ کیا تھا، جس پر سابق وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ملازمین نے گیٹ کو اندر سے بند کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر چھاپہ

خاندانی ذرائع کے مطابق گجرات رہائش گاہ پر فیملی کا کوئی فرد گھر میں موجود نہیں، پرویز الٰہی لاہور رہائشگاہ پر موجود ہیں، سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ بیرون ملک مقیم ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق رہائشگاہ پر چھاپہ 2 روز قبل تعینات ہونے والے ڈی پی او اسد مظفر کی سربراہی میں مارا گیا، پولیس سمیت ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے رہائشگاہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے، گجرات پولیس کے 10 سے زائد تھانوں نے گھر کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔
 

Advertisement