لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ قوم انتخاب کی تیاری کرے، ووٹ کی طاقت سے نااہل ٹولے کے خلاف فیصلہ دینا ہے۔
چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار باضابطہ انتخابی مہم کا میدان سنبھال لیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی میدان میں عمران خان کی کامیابی انشاء اللہ یقینی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابی عمل میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والے شہباز شریف سے ووٹ کی طاقت کے ساتھ بدلہ لیا جائے گا، مسلم لیگ ن نے اپنے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آج ایک مرتبہ پھر ملک کو انتقامی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔
چودھری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کا مقبول ترین لیڈر ہے اور قوم کیلئے ڈلیور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں سیاسی اور معاشی طور استحکام عمران خان ہی لا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو اپنے مقدمات سے ریلیف کے علاوہ کوئی فکر نہیں، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے نے آئین کی بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیا ہے۔