لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی کا اپنی آڈیو لیک ہونے کے بعد موقف سامنے آ گیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی، محمد خان بھٹی کے کیس کیلئے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کر کے غلط رنگ دیا گیا ہے، محمد خان بھٹی 10 دن سے لاپتہ ہیں، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے آخر وہ کیس بھی سامنے آنا ہے، اگر کوئی فلاں بندہ انصاف کیلئے اپنے وکلا کے ذریعے عدالتوں سے رجوع کرتا ہے تو اس میں یہ گناہ ثابت کرنا چاہ رہے ہیں۔
محمد خان بھٹی کے کیس کیلئے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا ہے.آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی. محمد خان بھٹی 10 دن سے لاپتہ ہے، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے آخر وہ کیس بھی سامنے آنا ہے.
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) February 16, 2023
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عدلیہ کے ادارے کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، عدلیہ اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، حکومت انتقام میں اندھی ہو چکی ہے اور تمام مخالفین کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں بند کرنا چاہتی ہے، ماڈل ٹاؤن سانحہ کے سرغنہ رانا ثناء اللہ بوکھلائے ہوئے اٹھے ہیں اور بولنا شروع کر دیا ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ یہ انشاء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس میں ہی کیفر کردار تک پہنچیں گے، اس نااہل حکومت کی تمام غلط کاریوں کی چیزیں انشاء اللہ سامنے آ کر رہیں گی، اللہ کی مدد سے رانا ثناء اللہ کے سارے کرتوت باری باری سامنے آ رہے ہیں۔