اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان سے ناروے کے نائب وزیر خارجہ ایرلنگ ریمسٹیڈ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پاکستان میں ناروے کے سفیر پر البرٹ الاساس بھی موجود تھے، وزیر داخلہ کی جانب سے فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے فریم ورک میں پاکستان کے لیے حمایت پر اظہار تشکر کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، اس موقع پر وزیر داخلہ کی جانب سے نارویجن شہری کے کیس کو جلد از جلد قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ملاقات کے دوران ناروے کے نائب وزیر خارجہ کی جانب سے پشاور کی مسجد میں حالیہ دہشت گردانہ حملے پر اظہار افسوس کیا گیا، نائب وزیر خارجہ نے ناروے کے سفارتخانے کے ساتھ تعاون پر پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔
ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے جرائم سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو سراہا، انہوں نے ناروے کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور ناروے کی جانب سے پاکستان کے لیے مکمل سیاسی اور اقتصادی حمایت کا اعادہ کیا۔