لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو نیا نام ’’فراری‘‘رکھ لینا چاہیے، جہاں الیکشن ہوتا ہے یہ فرار ہو جاتے ہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، جعلی مقدمات کے بدلے ہم خود ہی گرفتاری دینے کیلئے تیار ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سینئرز لیڈر شپ بھی جیل بھرو تحریک کیلئے تیار ہے، کل سے لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہونے جا رہا ہے، سیکڑوں کارکن جیل جانے کیلئے اپنے آپ کو پیش کریں گے، پہلے کسی پارٹی کو جیل بھرو تحریک کی جرأت نہیں ہوئی، پاکستان میں انسانی بنیادی حقوق کو بالکل ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کا اجلاس، جیل بھرو تحریک کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو روندا جا رہا ہے، پاکستان میں معاشی تباہی جاری ہے، ہمارے پاس جیل بھرو تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، الیکشن کمیشن کا 90 دن کے اندر الیکشن کرانے کا بیان صحیح سمت جانے کا بیان ہے، عمران خان نے الیکشن کی تیاری کی بھی ہدایت کر دی ہے، اگلے ہفتے سے ٹکٹیں دینے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی لاہور نے جیل بھرو تحریک بارے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان ڈیڑھ ہفتے بعد کمپین شروع کریں گے، ان کی پیشی کے دوران کارکنوں کی تعداد نے ان کی نیندیں اڑا دی ہیں، شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کل ہی گرفتاری دیں گے، توشہ خانہ کیس میں نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، چیئرمین نیب نے آج ہی استعفیٰ دے کر لنکا ڈھائی ہے کچھ تو شرم کریں۔