اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے بار کونسلز کے نو منتخب اعلیٰ عہدیداران کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعظم نے نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں کو مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے وکلاء تحفظ ایکٹ منظور کرنے کی اجازت دے دی، وکلاء تحفظ ایکٹ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اصولی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے وکلاء برادری سے بھرپور مشاورت کی جائے گی۔
A delegation of members of Bar Councils of Pakistan called on Prime Minister Shehbaz Sharif in Islamabad. pic.twitter.com/tumDYySOHb
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 21, 2023
وزیرِ اعظم نے بار نمائندگان کے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر حق اپیل کے مطالبے پر بل کا مسودہ پیش کرنے کا کہا، شہباز شریف نے بار نمائندگان کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر حق اپیل کا بل پارلیمان میں منظوری کیلئے پیش کرے گی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے طویل جدوجہد کی، آئین اور قانون کیلئے وکلاء برادری کی قربانیوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان اور گرمیوں میں بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں: وزیر اعظم
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملک کے ہر شعبے کو اپنی نا اہلی سے نقصان پہنچایا، سابق حکومت میں آئین اور قانون کی خلاف ورزیاں عروج پر پہنچیں، اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، رانا تنویر حسین، معاونین خصوصی ملک احمد خان اور عطااللہ تارڑ موجود تھے۔