اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دیدی، وزرا نے تنخواہیں اور تمام مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ اراکین اور سرکاری افسر سفر کے لیے بزنس کلاس بھی استعمال نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں: وزیر اعظم
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، آئی ایم ایف پروگرام جلد مل جائے گا، ایک دو آئٹم رہ گئی ہیں، ہمیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے قربانی دینا ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ غریب آدمی نے چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے ہر چیلنج میں قربانی دی، عام آدمی نے ملک و قوم کیلئے ہمیشہ قربانی دی ہے، آج قوم ہماری طرف سوالیہ نگاہوں سے دیکھ رہی ہے، مخیر حضرات ملکی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان اور گرمیوں میں بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں: وزیر اعظم
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی سے سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، اتحادی حکومت ملک و قوم کی بہتری کیلئے پورے اخلاص سے دن رات کوشاں ہے، وزیر، مشیر اور سرکاری افسران سادگی کو اپنائیں، پاکستانی قوم ایک توانا قوم ہے جس نے ہر مشکل کا بہادری سے مقابلہ کیا۔