چوری کیا ہوا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی: عمران خان

Published On 22 February,2023 07:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 30 سال سے چوری کیا ہوا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی۔

ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے آج قوم سے کہا ہے کہ مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں کیونکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے، گاڑیوں میں کمی اور زمینیں بیچنے سے کچھ نہیں ہو گا اور یہ لوگوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو جو انہوں نے چوری کا پیسہ باہر رکھا ہوا ہے وہ واپس لے آئیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ میں شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، آپ نے لوگوں سے جو وعدے کیے وہ لوگ ایک منٹ میں نکال کر سامنے لے آتے ہیں، صرف جا کر نکال لیں کہ جب ہماری حکومت تھی تو آپ نے کس قسم کی تقریریں کی تھیں کہ مہنگائی بڑھ گئی، پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرو، اس حکومت کو گرا دو۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا آپ کو یاد ہے، اگر آپ کو یاد نہیں ہے تو سوشل میڈیا پر آپ کی ساری تقریریں لے آئیں گے، آپ نے حکومت گرائی، آپ اس سازش کا حصہ تھے، آپ نے، آصف زرداری نے، تیسرا آدمی لندن میں آپ کا بھائی اور سابق آرمی چیف نے مل کر یہ کام کیا اور بیرونی طاقتوں کو یہ کہہ کر شامل کر لیا کہ عمران خان آپ کے خلاف ہے، سب نے مل کر یہ حکومت گرائی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے آپ نے وعدہ کیا کہ ملک ٹھیک ہو جائے گا، ایک دم خوشحالی آ جائے گی، 10 مہینے میں جو اس پاکستان کے ساتھ جو ہوا ہے وہ دشمن بھی نہ کرے، اس دس مہینے کے دوران 50 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، جب ہم گئے تھے تو مہنگائی 12 سے ساڑھے 12 فیصد تھی، آج مہنگائی تین گنا زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کی ویڈیو لنک پر حاضری لگوانے کی استدعا مسترد

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ہم بھی ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے، کورونا کی وبا بھی آئی تھی جس سے سپلائی لائن متاثر ہوئی اور ساری دنیا میں مہنگائی آئی تھی، تیل اور توانائی کی قیمتیں خاص طور پر اوپر چلی گئی تھیں، ہمارے دور میں تیل کی قیمت 110 سے 115 ڈالر فی بیرل تک گئی، آج 85 ڈالر ہے، مہنگائی کی اصل وجہ تو تیل تھی لیکن اب تیل کی قیمت کم ہو گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ڈالر گر گیا، تقریباً 100 روپے مہنگا ہوا اور آپ کہہ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے تو لوگ مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں، ہم امید کرکے بیٹھے تھے کہ آصف زرداری اور آپ کے خاندانوں نے 30 سال سے جو پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا ہے شہباز شریف وہ واپس لانے کے حوالے سے بیان دیں گے، اگر آپ وہ آدھا پیسہ واپس لے آئیں تو آپ کو مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیاں کم کرنے اور سرکاری زمینیں بیچنے کے بیان دے کر لوگوں کو پاگل نہ بنائیں، اگر لوگوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو چوری کا پیسہ واپس لے آئیں، جب ڈالر کی نسبت روپیہ 100 روپے گرا تو قوم کی دولت میں کمی آئی اور آپ کی دولت میں اضافہ ہوا، قوم غریب ہوئی اور آپ امیر ہو گئے ہیں، اب مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے این آر او 2 لے کر اپنے 1100ارب کے کرپشن کے کیسز ختم کیے، آپ نے اسمبلی میں آتے ہی نیب میں ترمیم کی اور یہ سارا ختم کیا، آج ہماری قیادت اور لاہور کے لوگ جس طرح جیل بھرو تحریک کیلئے نکلے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسی طرح جب عدالت طلب کیا گیا تو اس وقت بھی وہ جس طرح سڑکوں پر نکلے تو اس کیلئے بھی ان کا اور وکلا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ یہ قوم انقلاب کیلئے تیار ہے، انہوں نے اپنا فیصلہ کر لیا ہے اور سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہے، جب میری حکومت گئی تو میں نے فیصلہ کیا کہ ملک کے حالات ایسے نہیں کہ میں اپنے ملک کو کوئی نقصان پہنچاؤں، میں نے اپنی ساری جدوجہد آئین اور قانون کے تحت کی، ہماری کوشش تھی کہ ملک اور قوم کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب جب ملک دیوالیہ ہو گیا ہے تو ہم آئی ایم ایف کیا دنیا کی کسی بھی طاقت سے کیا بات کر سکتے ہیں، آپ اس حالت کے ذمے دار ہیں، اس ملک کو آج یہاں لا کر کھڑا کیا ہے، ملک کی انڈسٹری بند ہو گئی ہے، ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور دوسری طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے، اس کا کون ذمے دار ہے۔