اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کی 33 رکنی سرچ و ریسکیو ٹیم ترکیہ میں 17 روزہ ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے پاک فوج کی منظم ٹیم 6 فروری کو ترکیہ بھجوانے کا انتظام کیا تھا، ریسکیو 1122 کی 53 رکنی ٹیم ترکیہ بھجوائی گئی۔
ریسکیو ٹیم کی وطن واپسی پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر، پاکستان میں ترکی کے سفیر اور این ڈی ایم اے حکام نے استقبال کیا، اس مناسبت سے تقریب میں ترکیہ ایمبیسی اور وزرات خارجہ کے افسران بھی شامل تھے۔
اس موقع پر ترکی کے سفیر نے پاک فوج کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، ترکیہ کے سفارتخانہ کی جانب سے پاک فوج کی ٹیم کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ تنظیم آفاد کیساتھ مکمل رابطے میں ہے، ترکیہ کو این ڈی ایم اے کی جانب سے ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔
قبل ازیں استنبول ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر استنبول اور مختلف سرکاری اہلکاروں نے پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کو رخصت کیا۔
35 رکنی ٹیم نے 91 مقامات کو سرچ کیا، 39 مقامات پر ریسکیو آپریشن کیا جبکہ 8 افراد کو زندہ بچایا۔
پاک فوج کے دستے نے ملبے سے 138میتیں نکال کر انتظامیہ کے حوالے کیں اور 2 سائٹس خیمہ بستی کے لیے کلیئر کیں۔
پاک فوج کی اربن اور ریسکیو ٹیم کو بین الاقوامی اور ترکیہ کے مقامی چینلز نے بھی پذیرائی دی، ریسکیو ٹیم کا آپریشن مسلسل کئی روز تک جاری رہا، ترکیہ عوام کے دل جیت کر پاک فوج نے وطن عزیز کے نام کو سرخرو کیا۔
واضح رہے کہ پاک فوج کا 35 رکنی دستہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے سب سے پہلے ترکیہ پہنچا تھا۔