لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اشتیاق احمد خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
عمران خان نے انتخاب جیتنے پر اشتیاق خان اور دیگر بار ممبران کو مبارک باد دی، اس موقع پر انصاف لائرز فورم کے رہنما بھی موجود تھے، لاہور ہائی کورٹ بار کے نو منتخب صدر کی جانب سے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور موقف کی تائید کی گئی۔
ملاقات میں لاہور ہائی کورٹ بار کے نو منتخب صدر نے حکمران اتحاد خصوصاً مسلم لیگ (ن) کے عدلیہ پر دباؤ اور حملوں کی شدید مذمت کی اور ساتھ ہی ملک میں سیاسی انتقام اور بنیادی دستوری حقوق کی پامالیوں کے سلسلے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اشتیاق خان کی زمان پارک آمد۔
— PTI (@PTIofficial) February 26, 2023
چیئرمین تحریک انصاف سے خصوصی ملاقات
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا انتخاب جیتنے پر صدر اشتیاق خان اور دیگر کو مبارک باد
ملاقات میں تحریک انصاف اور انصاف لائرز فورم کے ذمہ داران بھی موجود pic.twitter.com/OcxFmEZ6sP
اشتیاق خان نے کہا کہ آئین سے انحراف اور عدلیہ پر حملے ملک میں لاقانونیت کے فروغ کی قابل مذمت کوشش ہیں، قانونی برادری آئین کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، فوجی آمر کے خلاف وکلاء کی بے مثال جدوجہد آج کے طالع آزماؤں کیلئے ایک واضح حوالہ ہے، کسی صورت آئین کو تختہ مشق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔