جہلم: (دنیا نیوز)تحریک انصاف نے جہلم سے پیپلز پارٹی کی اہم وکٹ اڑا دی، سابق امیدوار قومی اسمبلی علی الزمان جنجوعہ نے برادری سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے علی الزمان جنجوعہ کو پارٹی کا سکارف پہنایا، علی الزمان جنجوعہ جنرل (ر) سعید الزمان کے بیٹے اور مرحوم چیف آف آرمی سٹاف آصف نواز جنجوعہ کے کزن ہیں، اس موقع پر علی الزمان جنجوعہ نے کہا کہ آج سے عمران خان کا سپاہی اور فواد چودھری کا بھائی ہوں۔
فواد چودھری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک فرد کا نام نہیں، عمران خان ایک نشان ہے عوام کی آزادی کا، اس ملک پر اشرافیہ قابض ہے، چاہے وہ فوج کی ہے چاہے جوڈیشری کی ہے یا چاہے سیاست کی، اس اشرافیہ نے بند کمروں میں فیصلے کر کے قوم کو غلام بنا کے رکھا ہوا ہے۔
سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل آصف نواز جنجوعہ (مرحوم) کے کزن، جنرل (ر) سعید الزماں جنجوعہ (مرحوم) کے صاحبزادے پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار قومی اسمبلی علی الزمان جنجوعہ نے برداری اور ساتھیوں سمیت سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی حمایت کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ pic.twitter.com/ojEE2nNw2L
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) February 26, 2023
فواد چودھری نے مزید کہا کہ اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو پاکستان کی سیاست کو عوام کے پاس لانا ہو گا، اس وقت کوئی عمران خان کی سیاست کے قریب نہیں ہے، کشمیر پر تقریر کے اوپر بھارت نے کہا اسے ہمارے حوالے کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پوچھتا ہوں ملکی اسٹیبلشمنٹ اور حکومت سے اگر ہم لوگ غدار ہیں تو پھر پاکستانی کون ہے، یہ الیکشن بھی عمران خان کا الیکشن ہے، کوئی عمران خان کو مائنس نہیں کرسکتا، عمران خان پلس ہو گا تو پاکستان پلس ہو گا۔