لاہور: (علی مصطفیٰ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرحوم رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری کی خالی نشست پر ہونے والے این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا بیانیہ سر چڑھ کر بولنے لگا، ضمنی الیکشن کے دوران سردار محسن لغاری نے تمام مخالف جماعتوں کے امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کر کے سب کو چاروں شانے چت کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری 31 دسمبر 2022ء کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد این اے 193 کی سیٹ خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ضمنی الیکشن کروانے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کے دوران این اے 193 میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار جعفر خان لغاری نے 81149 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی اور ان کے مد مقابل آزاد امیدوار سردار شیر علی خان گورچانی نے 55409 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون امیدوار شازیہ عابد نے 27 ہزار 710 ووٹ حاصل کیے تھے۔
ضمنی انتخاب کے دوران این اے 193 کے حلقے میں ہونے والے الیکشن میں پولنگ سٹیشنوں کی تعداد 237 تھی، حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 تھی جبکہ خواتین کے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 709 تھی، مجموعی طور پر ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 204 تھی۔ ایک لاکھ 73 ہزار 966 ووٹرز نے انتخابی رائے دہی میں حصہ لیا، 4 ہزار 816 ووٹوں کو مسترد کیا گیا جبکہ انتخابی ٹرن آؤٹ 47.15 رہا۔ حالانکہ عام طور پر اس بات کا رحجان کافی پایا جاتا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ کافی کم ہوتا ہے جس کی مثال چند ماہ قبل کراچی میں ہونے والی ضمنی الیکشن میں بھی نظر آئی تھی۔
آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار محسن لغاری نے 90392 ووٹ حاصل کر کے جیت کو گلے لگایا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار اویس لغاری کے صاحبزادے عمار احمد خان لغاری نے 55218 ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف بھاری مارجن سے کامیاب
ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے اختر حسن خان گورچانی 20 ہزار 74 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمود احمد 3 ہزار 961 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر رہے۔
ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد جاری ہونے والے فارم 47 کے مطابق الیکشن میں 11 امیدواروں نے حصہ لیا، پی ٹی آئی کے امیدوار محمد محسن لغاری 90392، مسلم لیگ ن کے امیدوار عمار احمد خان لغاری 55218 اور پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی 20074، آزاد امیدوار اللہ یار خان نے 256، آزاد امیدوار امان اللہ نے 467، آزاد امیدوار بہاول حسین نے 304 ، آزاد امیدوار خادم حسین نے 1670، آزاد امیدوار کلیم الدین ضیاء نے 80، آزاد امیدوار محمد راول خان نے 347 ، آزاد امیدوار محمد سلیم نے 1197 ووٹ جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار نے 3961 ووٹ حاصل کیے۔
راجن پور کے حلقے این اے 193 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران حیران کن طور پر پی ٹی آئی کے امیدوار نے تمام امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے ووٹ حاصل کیے ہیں۔ سردار محسن لغاری کے ووٹ 90392 ہیں جبکہ باقی تمام مخالفین امیدواروں کے مجموعی ووٹ 83574 بنتے ہیں۔
اس الیکشن کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ووٹوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، 2018ءکے عام انتخابات کے مقابلے میں اس ضمنی الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے 9 ہزار سے زائد ووٹوں کا اضافہ ہوا ہے۔