اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے قومی اسمبلی کے حلقہ 193 جام پور میں پی ٹی آئی امیدوار سردار محسن لغاری کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
مرکزی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ غنڈہ گردی، دھونس اور دھاندلی کے کلچر کو شکست دینے پر جام پور کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، جیل بھرو تحریک کے ساتھ عوام اپنے ووٹ کی پرچی سے بھی بے چہرہ امپورٹڈ بندوبست سے مکمل بیزاری کا اظہار کررہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں وکلاء برادری نے آئین و قانون کی بالادستی کی تحریک پر ٹھپّہ لگا کر عدلیہ پر حملہ آور مجرم گروہ کو مسترد کیا، قوم اپنی عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، آئین کے ساتھ عدلیہ کے دفاع کی نوبت آئی تو ماضی کی طرح اب بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابی میدان سجا تو ہر حلقے سے اسی طرح کی خبریں نکلیں گی۔