عمران نیک نیت سیاستدان، اللہ تعالیٰ انکے فیصلوں میں برکت ڈال رہا ہے: پرویز الہٰی

Published On 26 February,2023 09:11 pm

گجرات: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کی نیک نیتی کی وجہ سے ہی اللہ تعالیٰ ان کے فیصلوں میں برکت ڈال رہا ہے۔

گجرات میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے خطاب میں مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، انہوں نے میرا اور میرے ساتھیوں کا دل جیت لیا ہے، عمران خان نے خود مجھے تحریک انصاف کا صدر بنانے کا اعلان کیا اور میری کمٹمنٹ کا اعتراف کیا جو میرے لیے باعث فخر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ میں اس اعتماد پر عمران خان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، بطور صدر میری پہلی ترجیح پنجاب کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت سے جیت اور پنجاب میں پھر سے عمران خان کی حکومت کا قیام ہے، اس مقصد کیلئے عمران خان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی نے وزیراعظم پر تنقید کے نشتر چلا دیے

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، قوم عمران خان کو پھر سے وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے، عمران خان نیک نیت سیاستدان اور قوم کے سچے خیرخواہ ہیں، ان کی نیک نیتی کے باعث ہی اللہ تعالیٰ بھی ان کے فیصلوں میں برکت ڈال رہا ہے، عدلیہ آئین پر پہرہ دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نااہل حکمران ٹولے اور الیکشن کمشنر کی پنجاب میں الیکشن ملتوی کرانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، حکمران ٹولہ عمران خان کے راستہ میں جو ریت کی دیواریں کھڑی کر رہا ہے الیکشن میں عوام کا سیلاب ان ریت کی دیواروں کو بہا کر لے جائے گا۔
 

 

Advertisement