پرویز الہٰی نے وزیراعظم پر تنقید کے نشتر چلا دیے

Published On 26 February,2023 02:48 pm

لاہور : (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعظم شہبازشریف پر سخت تنقید کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الہٰی سےسابق وفاقی وزیر بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، سابق چیئرمین شکایات سیل زبیر احمد، ڈاکٹر زین علی بھٹی، فیاض تبسم اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی،  ملاقات میں ملکی سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔

چوہدری پرویز الہی نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جیسا مانگنے کا طرہ امتیاز دنیا میں کسی کے پاس نہیں، اس طرہ امتیاز کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ شہباز شریف کو فقیروں کی گینزبُک میں شامل کر دیا جائے۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ چائے میں چینی اور کھانے کو بسکٹ نہیں ملیں گے، ہر وزیر بجلی کا بل خود ادا کرے گا، آئی ایم ایف شہباز شریف کے فیصلوں پر شادیانے بجا رہا ہے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ اتنا سمجھ دار وزیر اعظم ہم نے دنیا میں نہیں دیکھا۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ  چیف جسٹس سمیت بیشتر جج اسی بینچ میں شامل تھے جس نے عمران خان کے عدم اعتماد پر فیصلہ دیا تھا، اس فیصلے پر تو مریم اور مریم کے ابا جی سمیت رانا ثناء اللہ و دیگر تعریفوں کے پل باندھ رہے تھے۔