کراچی: (دنیا نیوز)پاکستان سپر لیگ8 کے کراچی میں ہونیوالے آخری میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست دیدی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ8 کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا تھا،ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 16.3 اوورز میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے تبریز شمسی اور شعیب ملک نے3،3 جبکہ عماد وسیم اور عاکف جاوید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود 25، محمد رضوان 29 ،ریلی روسو 7، ڈیوڈ میلر 7 ، خوشدل شاہ 4، انور علی 12، اسامہ میر 10، کارلوس براتھویٹ 1، عقیل حسین 2 ، عباس آفریدی 2 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے تھے، کپتان عماد وسیم 14 اور شعیب ملک 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کے لیے آج پی ایس ایل کا ڈیبیو کرنے والے طیب طاہر نے 46 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ میتھیو ویڈ 46 اور جیمز ونس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے 2 جب کہ انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ہونے والے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئیں تھیں، فاسٹ بولر محمد عامر، حیدر علی اور عمران طاہر کو آرام کروایا گیا تھا جبکہ محمد موسیٰ، طیب طاہر اور تبریز شمسی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔