ضمنی الیکشن، 235 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول، پی ٹی آئی آگے

Published On 26 February,2023 05:02 pm

راجن پور: (دنیا نیوز) راجن پور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے ہونے والی پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جبکہ حتمی نتائج کیلئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

237 میں سے 235 پولنگ سٹیشن کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محسن لغاری 89497 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عمار لغاری 54777 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا، 3 لاکھ 79 ہزار 204 کے قریب ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

ضمنی الیکشن میں 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تاہم اصل مقابلہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوا، پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور (ن) لیگ کے عمار لغاری میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا، پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی یہاں سے امیدوار ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے بھی گشت کیا۔

واضح رہے راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔