کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ بہت سے مقدمات بنے ہیں جن کو فیس کر رہا ہوں، ایف آئی آر ان علاقوں میں کی جاتی ہے جہاں جانے میں دشواری ہو، عمران خان کے نظریہ کے ساتھ ہوں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ عمران خان کا نظریہ برابری کے حقوق کا ہے، بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا، ماضی میں صوبے کو پسماندہ رکھا گیا، مریم نواز دو ججز کو بلیک میل کرتی ہے، کوئی توہین نہیں ہوتی، عمران خان پر فوری طور پر توہین عدالت لگ جاتی ہے، قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا جیل بھرو تحریک والوں کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، رجیم چینج سب کے سامنے ہے، کیا مریم شہزادی اور نواز شریف بادشاہ ہیں؟، عمران خان کو عدالتوں کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے، قانون سے ڈرتا ہوں، ہم قانون توڑنے والوں کو للکارتے ہیں، عمران خان کی کسی شخص سے ذاتی دشمنی نہیں۔
اس موقع پر قاسم سوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل عدالت میں حاضر ہونے کی وجہ سے آیا ہے، دس ماہ سے ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک جاری ہے، شہباز گل کو بے دردی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا، اعظم سواتی کے ساتھ شرم ناک سلوک کیا گیا، عمران خان کی جانب سے دئیے ناموں کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا، نوجوانوں کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے، قوم بے خوف ہو چکی ہے، جیلوں میں جانے کو تیار ہے، ملک دیوالیہ ہو رہا ہے۔