نارووال سپورٹس سٹی کی اضافی لاگت عمران خان سے وصول کریں گے: احسن اقبال

Published On 26 February,2023 10:55 pm

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کھیل انسان کی زندگی کو کامیاب کرنے کیلئے بہترین تربیت فراہم کرتے ہیں۔

نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کو کھیلوں کے اندر ممتاز بنائیں اس لئے نارووال سپورٹس سٹی سٹیڈیم کا منصوبہ بنایا گیا تھا، سپورٹس سٹی سٹیڈیم کی چار سالوں میں بہت مخالفت کی گئی، جو دعویٰ کرتے تھے کپتان ہیں کرکٹ کے چمپئن ہیں انہوں نے سپورٹس سٹی سٹیڈیم کو بھوت بنگلا بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم بنانے کے جرم میں سوا دو مہینے موت کی چکی میں قید کاٹی، چار سالوں کی تاخیر کی وجہ سے 2.4 ارب روپے کی اضافی لاگت آئے گی، یہ لاگت ہم عمران خان سے وصول کریں گے، جس کی نالائقی، انتقام کی وجہ سے غریبوں کو اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا، 22 مارچ کو کرکٹ ٹیم کے ستارے نارووال سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں میچ کھیلیں گے۔