عثمان ڈار کو پھنسانے کیلئے جاوید علی سے بیان دلوایا گیا، چیف جسٹس نوٹس لیں: عمران خان

Published On 25 February,2023 07:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جاوید علی سے 164 کا بیان عثمان ڈار کو کرپشن کے کیسز میں پھنسانے کیلئے دلوایا گیا، چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ وہ جاوید علی معاملے پر ازخود نوٹس لیں اور پتا چلائیں کہ یہ کون لوگ ہیں۔

لاہور میں عثمان ڈار اور جاوید علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں ایک ہنگامی میڈیا ٹاک کر رہا ہوں کیونکہ یہ ایک ایسی خوف ناک، دردناک اور تکلیف دہ چیز ہے اور کل کا انتظار نہیں کر سکتے، یہاں طاقتور کو قانون اور آئین کی کوئی فکر نہیں ہے، آئین کا آرٹیکل 14 واضح طور پر کہتا ہے کہ ہر انسان کی عزت کی حفاظت کی جائے گی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جاوید علی کو عثمان ڈار نے گریڈ 4 چوکیدار کی نوکری دلائی اور ان کو پولیس نے اٹھایا، اس کے بعد نامعلوم افراد نے اٹھایا، میں اپنی عدلیہ اور چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کون کرے گا، شہباز گل کو تشدد کا نشانہ بنانے پر توہین عدالت کا نوٹس ہوا لیکن کسی نے زیر حراست تشدد پر کچھ نہیں کیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ جب مجھے گولیاں لگیں تو اس وقت چیف جسٹس سے مخاطب ہوا کہ جنہوں نے مجھے قتل کی کوشش کی ہے وہ سارے اقتدار میں بیٹھے ہوئے ہیں، جب سے جنرل باجوہ یہاں پر ڈرٹی ہیری کو لے کر آئے ہیں تب سے یہ تشدد شروع ہوا ہے، شہباز گل، اعظم سواتی اور مجھے گولیاں لگیں، لوگوں کو بند کمرے میں کپڑے اتارے گئے اور ذلیل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی قیدیوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں: عمران خان

عمران خان نے مزید کہا کہ ایک شہری کے والدین کی کال آئی اور بتایا کہ ان کا بیٹا ابھی تک نارمل نہیں ہوا کیونکہ ان پر تشدد ہوا لیکن سامنے آنے سے سب ڈرتے ہیں، نامعلوم افراد سے کوئی بچانے والا نہیں ہے، چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ سے کہتا ہوں کہ امید صرف آپ پر رہ گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے، کہیں تو لائن ڈرا کریں ان کو خوف تو ہو کہ ان کیلئے اور عوام کے ساتھ کوئی کھڑا ہے، کوئی ایکشن لیں تاکہ عوام کو حوصلہ ہو کہ ہماری عدلیہ ہمیں بچائے گی۔

عمران خان نے کہا ہے کہ مافیا عدلیہ پر بھرپور طریقے سے حملہ آور ہے، مریم نواز جلسوں میں آڈیو وڈیو ٹیپس چلا رہی ہیں، عدلیہ کو کنٹرول کرنے کیلئے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، یہ پی ٹی آئی کو کمزور کر کے چوروں کو الیکشن جتوانا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement