عمران خان پر حملے کی درست تفتیش نہ ہونے میں رانا ثناء اللہ ملوث ہیں: یاسمین راشد

Published On 25 February,2023 12:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیر یاسمین راشد نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان پر حملے کی درست تفتیش نہ ہونے میں رانا ثناء اللہ ملوث ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملےکی تحقیقات صحیح نہیں ہو رہیں کیونکہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ تحقیقات نہیں ہونے دے رہے، قاتلانہ حملے کے شواہد کو ضائع کرنے کی کوشش کی گئی۔

یاسمین راشد نے الزام عائد کیا کہ عمران خان پر حملے میں وفاقی اور نگران حکومت ملوث ہے، پنجاب کی نگران حکومت مسلم لیگ (ن) کے گھر کی باندی ہے ، سب سے مقبول لیڈر کو قتل کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی نئی جے آئی ٹی پر ہمیں اعتراض ہے، اس میں وہ چار لوگ شامل ہیں جنہوں نے کیس کو خراب کیا، صوبائی حکومت نے جے آئی ٹی بنائی تو وفاقی حکومت نے کیوں مداخلت کی؟

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے بڑی جھوٹی کوئی نہیں ہے، دوبارہ عدلیہ کے پیچھے پڑی ہوئی ہیں، اس بی بی کی تربیت ہی غلط ہوئی ہے، مریم نواز کو پتا ہے ابا جی سے کہہ کر ہر کام کرا سکتی ہیں، خدا کیلئے ملک اور قوم پر رحم کریں، آپ بہت مقبول ہیں تو ملک میں الیکشن کرادیجئے، آپ مقبول ہوں گے تو جیت جائیں گے ورنہ دوسری پارٹی جیت جائے گی۔

 

Advertisement