اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا طبی معائنہ کروانے کیلئے بینکنگ کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
بینکنگ کورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے دائر درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کیلئے پمز یا پولی کلینک کا بورڈ بنانے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی ضمانت میں توسیع کرنے کی درخواست بینکنگ کورٹ میں زیر التوا ہے، عمران خان تفتیش کے حوالے سے تعاون نہیں کر رہے، ان کو آرتھو پیڈک مسئلہ ہے تاہم میڈیکل رپورٹ کینسر ہسپتال کی جمع کروا رہے ہیں۔ عمران خان کا پمز یا پولی کلینک ہسپتال سے طبی معائنہ ہونا چاہئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کیلئے پمز یا پولی کلینک کا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔