لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس پر حملے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کے معاملہ میں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر سمیت 4 ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے شبیر گجر و دیگر کی جانب سے پولیس پر حملے کے مقدمہ میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
ملزمان کی جانب سے سلیم لادی اور چودھری نعمان عتیق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے، فریقین وکلا کی جرح مکمل ہونے پر عدالت نے ملزمان کی ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر سمیت چار ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج ہونے پر ہنگامہ آرائی ہوئی، ہنگامہ آرائی کے دوران شبیر گجر سمیت دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔