لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی نائب صدر تحریک انصاف و فوکل پرسن جیل بھرو تحریک سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے باشندوں کو عمران خان کی کردار کشی کے سوا اور کوئی دوسرا کام نہیں ہے۔
ایاز صادق کی گفتگو پر اپنے ردعمل میں اعجاز چودھری نے کہا کہ پچھلے 10، 11 ماہ میں امپورٹڈ سرکار نے کیس معاف کرانے، اداروں کی تباہی، اور معیشت کی بربادی کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں جوش و خروش سے شامل ہیں، لاہور، پشاور اور راولپنڈی کی سڑکوں پر انقلابی مناظر تھے، تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان نے ہمت اور جرات کی مثالیں قائم کر دی ہیں۔
سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کی شاندار کامیابی سے امپورٹڈ سرکار شدید اضطراب میں مبتلا ہو چکی ہے، چوروں کا گروہ انتخابات سے بھاگنے اور فسطائیت کے نت نئے منصوبے آزمانے میں مگن ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام کی زندگیاں اجیرن کرنے اور آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے کا حساب دینا ہی پڑے گا۔