پی ٹی آئی وفد کی سپیکر سے ملاقات، استعفے منظوری کا اقدام واپس لینے کی استدعا

Published On 27 February,2023 06:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عامر ڈوگر کی سربراہی میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں ممبران قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تحریک انصاف کے وفد نے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو واپس لینے کی استدعا کی، جس پر سپیکر نے جواب دیا کہ قانون، آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور کر چکا ہوں، میں نے بار بار خطوط ارسال کیے اس کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی ممبر حاضر نہیں ہوا، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کی سربراہی میں آنے والے وفد کے بعد استعفے قبول کرنے کی کارروائی شروع کردی تھی۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں آنے والے وفد نے استعفے منظور کرنی کی استدعا کی تھی، کیا پی ٹی آئی ممبران نے استعفے اپنی مرضی کے مطابق نہیں دیئے تھے؟، اسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد کے اسرار پر استعفے منظور کیے گئے تھے، سپیکر نے پی ٹی آئی کی درخواست وصول کرتے ہوئے کہا کہ لیگل ٹیم سے ڈسکس کر کے مطلع کر دیا جائے گا۔

ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر مشاورت کیلئے پہنچے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ہمارے 70 اراکین بحال کئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اکثریتی اپوزیشن جماعت کا اپوزیشن لیڈر بنایا جائے، قانون میں چیئرمین نیب کی تعیناتی اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہونی ہے۔