اسلام آباد: (دنیا نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گینگ آف فائیو کی اگلی نسل بھی آنکھیں دکھا رہی ہے، ایک چوری اوپر سے سینہ زوری۔
سپریم کورٹ کے احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل کے الیکشن نے ثابت کیا ہے کہ یہ اور بھاگیں گے، سارے راستے اس عدالت سے نکلیں گے، ملک لوٹ کر کھا گئے، اب کہتے ہیں ججز پر کیسز بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے بعد سپریم کورٹ ہی ہے، پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، ان چوروں کے تابوت اسی سپریم کورٹ سے نکلیں گے، اس بلڈنگ سے آئین و قانون کا فیصلہ آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ سےجمہوریت بچانےکاراستہ اورنیب زدہ لوگوں کاتابوت نکلےگا:شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کامیاب ہے، گرفتاری میں زیادہ سہولت ہے، میں نے گرفتاری دی تھی، دوبارہ سسرال جانے کو تیار ہوں، کسی زمانے میں قائد اعظم بھی کانگریس میں تھے، میں مشرف کے ساتھ تھا اور میرا اس کے لیے بڑا احترام ہے، میں نے کسی ڈاکو کا ساتھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ صرف اپنے کیس چھڑانے آئے ہیں، چور ڈاکو لٹیرے بنچ بنا رہے ہیں، چیف جسٹس کا فیصلہ ہے کہ کون سا بنچ بناتے ہیں، عدلیہ جو فیصلے دے گی قوم کو قبول ہو گا، چودھری نثار میرا بھائی ہے، سیاست اس کی اپنی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ہفتے ایک کروڑ اوورسیز کو ووٹ کا حق ملے گا اور منی لانڈرز نیب کے فیصلے بھی آجائیں گے، بلاول بھٹو سب سے پہلے اپنے باپ کے خلاف ترمیم لائیں، پاپڑ والے اور دہی بھلے والے اس قابل ہو گئے ہیں کہ سپریم کورٹ کے خلاف زبان استعمال کریں۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ میں قلم دوات کے نشان پر انتخابات لڑوں گا، جب کہیں گے جیل چلا جاؤں گا، اسمبلیاں بحال نہیں ہونی چاہئیں، الیکشن ہونے چاہئیں۔