جب آرڈر آئے گا شفاف انتخابات کروا دیں گے: نگران وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 28 February,2023 01:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ نگران حکومت الیکشن سے بھاگ نہیں رہی، جب آرڈر آئے گا شفاف انتخابات کروا دیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک ری ماڈلنگ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوور منصوبہ 3 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

اکبر چوک فلائی اوور 2 لینز اور 700 میٹر طویل ہوگا، انڈر پاس 2 لینز اور 540 میٹرطویل ہوگا، منصوبے سے فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، کوٹ لکھپت اور دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی، شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔

منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم اس منصوبے کو 90 دنوں میں مکمل کریں گے، نوازشریف انٹر چینج پر کنٹونمنٹ سے مل کر انڈر پاس بنا رہے ہیں۔

انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم الیکشن کرانے سے نہیں بھاگ رہے، جب آرڈر آئے گا الیکشن کرا دیں گے، شفاف الیکشن کروانا ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، عمران خان اس وقت زمان پارک میں موجود نہیں، اس لیے سکیورٹی ہٹا لی گئی ہے، عمران خان واپس لاہور آئیں گے تو سکیورٹی دوبارہ دینے کے معاملے پر نظر ثانی کریں گے۔

نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو بہت مہنگا پڑ رہا تھا، جس کے لیے کوئی اسپانسر نہیں مل رہا تھا، اس شو پر 90 کروڑ روپے لگ رہے تھے اس لئے اس کو کروانے کے حق میں نہیں تھا۔

پی ایس ایل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے معاملات طے پا گئے ہیں، بورڈ لائٹیں خرید لے گا، آئندہ کرائے پر لائٹس نہیں لی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ کا مزد کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قیدیوں کی کل تعداد کے بارے میں معلوم نہیں، لاہور میں گنجائش کم ہونے کے باعث گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو صوبے کی دیگر جیلوں میں بھیجا گیا ہے، عمران خان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی ہے تو وہ ہمیں بتا دیں۔

 

Advertisement