لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے لاہور نے فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پنجاب اینٹی کرپشن لاہور کی طرف سے اربوں روپے کی کرپشن پر بھیجی گئی درخواست پر فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ فرح گوگی نے سابقہ حکومت میں آر پی اوز، کمشنرز، ڈی پی اوز اور ڈی سی وغیرہ کے تبادلوں کے عوض اربوں روپے بطور رشوت لی۔
ایف آئی اے کے مطابق فرح گوگی نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں 2021 میں 60 کروڑ روپے مالیت کی 10 ایکڑ اراضی اپنی کمپنی المعیز ڈیریز اینڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام پر غیر قانونی طور پر صرف 8 کروڑ میں الاٹ کروائی، اس کے علاوہ سرکاری افسران پر دباؤ کے ذریعے ٹھیکوں کے ٹینڈرز غیر قانونی طور پر ایوارڈ کروانے کی مد میں بھی کروڑوں روپے بطور رشوت لیے۔
مقدمے کے مطابق فرح گوگی کے ذاتی بنک اکاؤنٹس میں گزشتہ دور حکومت کے پچھلے 3 سالوں میں تقریباً 84 کروڑ روپے جمع کروائے گئے جو اس کے ذریعہ آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے ہیں، فرح گوگی کے 2019 اور 2020 میں بنک اکاؤنٹس میں تقریباً 41 کروڑ روپے 50 رائیڈرز کے بذریعے کیش جمع کروائے گئے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران فرح گوگی کے اربوں روپے کے مزید بے نامی بینک اکاؤنٹس ملنے کا بھی امکان ہے، فرح گوگی کے نام پر تقریباً 52 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے بشمول کمرشل و رہائشی پلاٹ، پلازے اور گھر بحریہ ٹاؤن لاہور، ڈی ایچ اے لاہور اور اسلام آباد میں بھی سامنے آئے ہیں۔