اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف احتجاج کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی 9 مارچ تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی، عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت 9 مارچ تک منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے عبوری ضمانت منظور ہونے پر کھڑے ہو کر عدالت کا شکریہ ادا کیا، میڈیا سے مختصر گفتگو میں عمران خان نے کہا ابھی بنی گالہ جانے کا ارادہ نہیں واپس لاہور ہی جاؤں گا۔
عبوری ضمانت سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان بائیو میٹرک کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے، بائیو میٹرک کی تصدیق کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے سامنے پیش ہوئے، عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دیا۔
یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشتگردی عدالت اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی ضمانتیں منظور
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سابق وزیر اعظم عمران خان کی گاڑی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر لے جانے کی خصوصی اجازت دی گئی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بھی ان کے ساتھ تھے۔
واضح رہے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے، عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے آج ہی درخواست ضمانت واپس لی تھی۔