اسلام آباد: (دنیا نیوز) اٹلی کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے واقعے کا ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے نوٹس لے لیا، متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔
ڈی جی ایف آئی اے نے تمام زونز کے افسران کو انسانی سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر معافی کے مستحق نہیں، انسانی سمگلرز اور ان کے سہولت کار بین الاقوامی مجرم ہیں، سوشل میڈیا پر غیر قانونی طریقوں سے بارڈر پار کرنے والے مواد پر بھی سخت کارروائی کی جائے۔
محسن حسن بٹ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کر لیا، انٹرایجنسی ٹاسک فورس میں شامل اداروں کے ساتھ مل کر پالیسی بنائی جائے گی، ایف آئی اے حکام کو کشتی حادثوں میں جاں بحق، زخمی اور لواحقین سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ڈی جی ایف آئی اے نے مزید کہا کہ ملوث انسانی سمگلرز کے خلاف انکوائریز اور کیسز کی تحقیقات کو جلد مکمل کیا جائے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایف ائی اے لاہور اور بلوچستان زون میں ٹاسک فورس بھی قائم کر دی، گرفتاریوں کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔