پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ، دو بڑوں کی میٹنگ الیکشن کرائےگی : شیخ رشید

Published On 03 March,2023 09:44 am

راولپنڈی : (دنیا نیوز ) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑچکی ہے، 2بڑوں کی میٹنگ الیکشن کرائے گی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ آج سپریم کورٹ میں 1کروڑ اوورسیز پاکستانی ووٹوں کی سماعت ہوگی، عمران خان کی نااہلی یا گرفتاری جلتی پر پٹرول کا کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین نے دوستی کا حق ادا کردیا ہے، پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بھی بڑھنے جارہی ہیں ، نہ ڈالر دستیاب نہ فنڈنگ موجود ہے، سیاست بچانی ہے یا ریاست ، ڈالر شرح سود پٹرول مہنگائی سب ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں، جو بھی عدالت کے فیصلے کی تضحیک کرے گا اسے عدالت کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔

سابق وزیرداخلہ نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے اسٹاف لیول فیصلے سے پہلے غریب پر مہنگائی کی مزید بجلی گرے گی، غریب ذبح خانے میں حکمران مہ خانے میں بیٹھے ہیں۔
 

Advertisement