اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہتکِ عزت کی درخواست پر پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے سماعت میں التوا کی استدعا کر دی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں خواجہ آصف کیخلاف عمران خان کی جانب سے دائر درخواست پر ہتکِ عزت کے کیس کی سماعت ہوئی، فریقین کے وکلاء ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے سماعت میں التوا کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ جیل بھرو تحریک کے باعث عمران خان سے رابطہ نہیں ہوسکا، جیل بھرو تحریک میں اسد عمر اور دیگر کی رہائی گزشتہ شام کو ہوئی ہے۔
دوران سماعت جج نے ریمارکس دیئے کہ سماعت ملتوی کر رہے ہیں لیکن زیادہ تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ خواجہ آصف نے عمران خان پر شوکت خانم ہسپتال کے فنڈ میں غیر شفافیت کا الزام لگایا تھا جس پر انہوں نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔